پہلے مرحلے میں سانگھڑ، میرپورخاص، بدین، شہداد پور کے اسکول بند کر دیے گئے ۔فائل فوٹو
پہلے مرحلے میں سانگھڑ، میرپورخاص، بدین، شہداد پور کے اسکول بند کر دیے گئے ۔فائل فوٹو

سندھ کے سرکاری اسکولوں سے شام کی شفٹ ختم

محکمہ تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولوں سے شام کی شفٹ ختم کرنے پرعمل درآمد شروع کردیا ہے، سیکریٹری اسکولز سندھ کا کہنا ہے کہ شام کی شفٹ بند ہونے سے بجٹ کے خسارے میں کمی آئے گی کیونکہ شام کی شفٹ میں طلبا کم اور اسٹاف زیادہ ہے۔

صوبہ بھر میں محکمہ تعلیم کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں شام کی شفٹ ختم کرنے پرعملدرآمد شروع ہوچکا ہے، پہلے مرحلے میں سانگھڑ، میرپورخاص، بدین، شہداد پور کے اسکول بند کر دیے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں لاڑکانہ، سکھر، دادو، خیرپور و دیگر اضلاع میں شام کی شفٹ کے اسکول بند کیے جائیں گے۔

سیکریٹری اسکولزاحسن منگی نے فون پر رابطہ کرتے ہوئے بتایا کہ شام کی شفٹ کے طلبا کو صبح میں منتقل کیا جارہا ہے، جبکہ شام کی شفٹ کے طلبا کی تعداد انتہائی کم اور اسٹاف کی تعداد زیادہ ہے۔

سیکریٹری اسکولز کا مزید کہنا تھا کہ شام کی شفٹ کے اسکول بند ہونے سے تعلیمی بجٹ میں خسارے میں بھی کمی آئے گی، جبکہ اس رقم سے اسکولوں کی بہتری کے لیے دیگر کام کرایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے دو ماہ قبل شام کی شفٹ کے اسکول بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔