پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایئرایمبولینس پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 11 بجے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچے گی.
قطر ائیرویز کی ائیرایمبولینس نواز شریف کو علاج کے لیے لیکر دوحہ پہنچ گئی، دوحہ میں سابق وزیراعظم کا بلڈ پریشرایک بار پھر چیک کیا گیا، پرواز3 گھنٹے 30 منٹ بعد لاہور سے دوحہ پہنچی، جہاں ائیرایمنولینس کی ری فیولنگ بھی کی جائے گی۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے بتایا کہ دوحہ پہنچنے پر قطر کے امیر شیخ تمیم الثانی نے نواز شریف کو ریسیو کرنے اورانہیں طیارے کی ری فیولنگ اور طبی عملے کی تبدیلی کے دوران رائل ٹرمینل لاؤنج تک لانے کے لیے ذاتی چیف آف پروٹوکول کو بھجوایا۔
خیال رہے کہ قطر سے آنے والی ایئر ایمبولینس میں لاہور سے علاج کے لیے لندن روانہ ہونے والے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف قطرکے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے۔ان کے ہمراہ ان کے بھائی میاں شہباز شریف اور معالج ڈاکٹرعدنان سمیت 7 افراد ہیں۔
میاں نواز شریف کے معالج ڈاکٹرعدنان کے مطابق دوحہ میں ایئرایمبولینس میں ری فیولنگ ہو گی، جبکہ فضائی اور طبی عملہ بھی تبدیل ہو گا، جس کے کچھ دیربعد ایئر ایمبولینس لندن کے لیے روانہ ہو جائے گی۔