پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان مخالفین کوقید کرکے مقابلوں کا دعویٰ کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہومریم اورنگزیبئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ کرکٹ میں دوسری ٹیم سے مقابلہ کیاجاتا ہے لیکن عمران خان نے دوسری ٹیم کوجیل میں ڈال دیا ہے،سعد رفیق، رانا ثنااللہ،شاہدخاقان عباسی سب قیدمیں ہیں۔انہوں نے کہاعمران خان صاحب کرکٹ کی مثالیں دیتے ہیں لیکن دوسروں کو اپنے ساتھ کھیلنے کاموقع تودیں۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کیخلاف جب کچھ نہیں ملتا تو بیوروکریٹس اور سیکرٹری پر دباؤ ڈال کرکیس بنائے جا رہے ہیں، سیاسی مخالفین کو بکتربند گاڑی میں عدالت لایا جاتا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ نون نےکہاکہ سعد رفیق کاتمام بزنس ڈکلیئرڈ ہے،آج تک ایک الزام بھی ثابت نہیں ہوسکا۔پروڈکشن آرڈرزکے باوجودسعدرفیق کونہیں لایاجارہا۔ان سمیت کئی لیگی رہنما کئی ماہ سے جیل کاٹ رہے ہیں۔پارلیمنٹیرینز کوبکتربند میں لایاجاتاہے۔
انہوں نے عمران خان کو مشورہ بھی دیا کہ اپنے ترجمانوں کو نواز شریف کا سیکیورٹی گارڈ بھرتی کر دیں کیونکہ ان ترجمانوں کا یہی کام ہے نواز شریف کیسے چلا، کیا پہنا، شیو کی یا نہیں۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا ہے نیب کی جرات نہیں کہ حکومتی کرپشن کے خلاف کارروائی کرے، چیئرمین نیب بتائیں کہ ایک سال سے جیلوں میں بند لیڈر شپ کے خلاف کتنے الزامات ثابت ہوئے، سیاسی مخالفین کو بند کرنے کا مقصد ایک ہے کہ عمران خان نے اکیلے کھیلنا ہے۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جرات ہے تو مخالفین کو جیل سے باہر لائیں اور ان سے مقابلہ کریں، عمران خان جرات ہے تو روزانہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں اور اپنے سارے اثاثے ڈکلیئر کریں۔
نیب قوانین میں تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر نیب قوانین میں تبدیلی لاڈلوں کے لیے کی جا رہی ہے تو یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، اگر قوانین میں تبدیلی آرڈیننس سےلائی جائے گی تو مطلب ہے کہ دال کالی ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ اگر نیب کے قوانین میں تبدیلی لانی ہے تو آئینی اور قانونی طریقہ کار سے لائی جائے۔