وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعینات کر دیا ہے۔
نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کے معاملے پر وزارت دفاع نے سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کی تھی، سمری میں 4 نام تجویز کیے گئے تھے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار، لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا مضبوط امیدوار تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے تجویز کردہ ناموں پرغور کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو نیا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقررکردیا۔جنرل ندیم رضا 27 نومبرکوعہدے کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفیکیشن 19 اگست کو جاری کر دیا گیا ہے۔
جنرل ندیم رضا نے انفنٹری کی 10 سندھ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ رہے جب کہ جنوبی وزیرستان میں انفنٹری ڈویژن کی کمان کی۔
جنرل ندیم رضا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں، 1994ء میں جرمنی سے انفٹری کمانڈ کورس کیا۔کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور وار کالج میں تعینات رہے۔ دسمبر 2016ء میں کور کمانڈر راولپنڈی کی اہم پوزیشن پر تعینات ہوئے وہ اگست 2018 سے جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل سٹاف کی اہم ترین ذمہ داری پر تعینات تھے۔
گزشتہ سولہ سالوں کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی میں سے دس چیف آف جنرل سٹاف کے عہدے پر کام کرچکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا گزشتہ سال اگست میں چیف آف جنرل سٹاف بنے تھے جو آرمی چیف کے بعد دوسرا اہم ترین عہدہ ہے، انہوں نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ کام بھی کیا ہے۔
ان کے اہلخانہ میں ایک بیوی اور 4 بچے شامل ہیں جن میں 3 بیٹے اورایک بیٹی ہے۔
یاد رہے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات 27 نومبر کو ریٹائر ہوں گے۔انھوں نے نومبر 2016 میں جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی کمانڈ سنبھال لی تھی، وہ اس عہدے پر پہنچنے والے پاک فوج کے 14 ویں افسراور17 ویں چیف تھے۔