پاکستان کے مایہ ناز سائنسدان ڈاکٹر قدیر خان نے مقامی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِسائنس فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لیا اورکہا کہ فواد چوہدری جیسے وزیرِسائنس کوکا کولا میں چینی ڈال کر بلبلے بناتے ہیں۔
گزشتہ روز انہوں نے مقامی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے اپنی زندگی اور جدوجہد کے بارے میں بتایا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سیاستدانوں پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری جیسے وزیرِسائنس کوکا کولا میں چینی ڈال کر بلبلے بناتے ہیں تو کیا ایسے وزیروں کے ہوتے ہوئے ملک ترقی کرے گا۔
ڈاکٹر قدیر خان نے کہا کہ نواز شریف ایٹمی دھماکہ نہیں کرنا چاہتے تھے ،جب میں ان سے مایوس ہوگیا تو میں نے اپنے ساتھیوں سمیت مستعفی ہونے اور ملک سے باہرجانے کی دھمکی دی۔
ڈاکٹر قدیر نے بتایاکہ نواز شریف نے کہا ابھی رہنے دو، امریکہ سے امداد ملنے والی ہے لیکن پھر میں نے نواز شریف کو بتایا اگر اب دھماکا نہ ہوا تو کبھی بھی نہیں ہوسکے گا۔
انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ مذہب سے لگائوکو ترک نہ کریں، قرآن کی تلاوت کریں۔ انہوں نے طلبا کو محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کے لیے کام کر سکیں اور پاکستان کو عظیم تر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے پاکستان کو جوہری طاقت بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اسی بنیاد پر انہیں پاکستان میں قومی ہیرو کا درجہ حاصل ہے تاہم مغرب انہیں ایٹمی راز اسمگل کرنے والا خطرناک شخص سمجھتا ہے۔ پاکستانی ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستان میں جوہری ہتھیاروں کا بانی تصور کیا جاتا ہے۔