مصر میں ایک شہری شادی کی تقریب میں فوٹو شوٹ کے دوران دلہن کو طلاق دے کر بارات واپس لے گیا۔
مصری اخبار البیان کے مطابق مصر کے ایک نواحی علاقے میں نوجوان دولہا نے 28 سالہ دلہن کو یہ کہہ کر باراتیوں کے سامنے طلاق دیدی کہ تم نے میری ماں کو زبان چڑائی ہے۔ دولہا اپنی بارات واپس لے گیا جب کہ دلہن کی والدہ کی حالت غیر ہوگئی۔
مصری دلہن نے البیان اخبار کے نمائندے کو بتایا کہ شوہر نے میرا مؤقف جانے بغیر ہی مجھے طلاق دیدی، میں ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہوں لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہو رہا۔
دوسری جانب دولہا نے موقف اختیار کیا ہے کہ ماں سے بدتمیزی کو کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، میں نے طلاق دیدی ہے اور اب وہ محض مہر کی رقم کےلیے مجھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس کےلیے اسے عدالت کے دھکے کھانے پڑیں گے۔
دولہا کی جانب سے دوٹوک جواب ملنے پر دلہن نے بھی عدالت میں مقدمہ دائرکردیا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ انسان زندگی گزارنے کے لائق نہیں۔ ابھی تک عدالت نے مقدمے کی سماعت کی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی۔