سپریم کورٹ نے محکمہ زراعت خیبرپختونخوا کے ملازم کی تنخواہ کے حصول کیلئے درخواست خارج کردی،جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جب کام نہیں کرتے تو تنخواہ کیوں مانگتے ہیں؟ہمیں تو لگ رہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت دیوالیہ ہو جائےگی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں محکمہ زراعت خیبرپختونخوا کے ملازم کی تنخواہ کے حصول کیلیے درخواست کی سماعت ہوئی،وکیل نے کہاکہ پشاورہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کوتنخواہ اداکرنے کاحکم دیاہے۔
جسٹس گلزاراحمد نے استفسار کیاکہ جس وقت کی تنخواہ کا تقاضا کر رہے ہیں اس وقت آپ نے کام کیا ہے؟وکیل احمد سعید نے کہاکہ کچھ عرصہ کیا ہے اورکچھ عرصہ نہیں۔
جسٹس گلزاراحمد نے کہا کہ معلوم نہیں پشاور ہائی کورٹ کیا کر رہی ہے؟ہمیں پشاور ہائیکورٹ کے احکامات کی سمجھ نہیں آرہی۔
جسٹس گلزار احمدنے کہاکہ جب کام نہیں کرتے تو تنخواہ کیوں مانگتے ہو؟ہمیں تو لگ رہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت دیوالیہ ہو جائےگی،سپریم کورٹ نے ملازم احمد سعید کی درخواست خارج کردی۔