وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے 2 دن میں دوسری ملاقات کی ہے جس میں صوبے کے انتظامی امورپرتفصیلی بات کی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم آفس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مسلسل دوسرے روز بھی وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں پنجاب حکومت کی کارکردگی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزراکی کارکردگی پر سوال کیے اور پنجاب کے انتظامی معاملات پربھی تفصیلی بات کی گئی۔
واضح رہے گزشتہ روز بھی وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پرعمران خان نے کہا تھا کہ صوبے میں گڈ گورننس کے لیے افسران کو تبدیل کرنا پڑے تو کریں لیکن افسران کی تبدیلی سیاسی نہیں بلکہ انتظامی بہتری کے لیے ہونی چاہیے۔