سابق وزیراعظم نوازشریف گزشتہ ایک ہفتے سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کا طبی معائنہ اور مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق لندن میں علاج کے لیے مقیم سابق وزیراعظم نوازشریف دل کا معائنہ کرانے کے لیے لندن برج ہسپتال پہنچے۔ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کو ہسپتال میں داخل ہونے کی تجویز دیدی۔
معائنے کے بعد نوازشریف ہسپتال سے واپس گھر روانہ ہوگئے، ان کے ہمراہ شہباز شریف، حسین نواز، وقار احمد، محمد حنیف اور ناصر بٹ بھی تھے۔نواز شریف کے چیک اپ کے بعد ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز ہیماٹولوجسٹ کی رپورٹس کا انتظار کررہے ہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کے بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی کسی بات کا کبھی جواب نہیں دیا، اللہ تعالی شیخ رشید کو ہدایت دے۔
اس موقع پر نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے نواز شریف کو ہسپتال میں داخل ہونے کی ہدایت کی ہے، نواز شریف کا پی ای ٹی اسکین جمعرات کو ہو گا۔
واضح رہے کہ نوازشریف لندن میں علاج کی غرض سے 19 نومبر سے موجود ہیں اوراس دوران وہ 3 بار طبی معائنے کے لیے گھرسے باہرنکلے ہیں۔