سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ جب غیر منتخب اور جعلی نا اہل نالائق حکمرانوں کو تسلیم کریں گے تو ملک تنزلی کی طرف جائے گا،ایسی صورتحال میں نئے انتخابات ہی نیا راستہ ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے سکھر میں پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ کی رہائش گاہ پر ان کی عیادت کی، اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ خورشید شاہ علیل ہیں یہ تشویشناک صورتحال ہے، سیاستدانوں کو نیب کے ذریعے عدالتوں میں گھسٹینا ایسے احتساب کو ہم نہیں مانتے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ نیب کے ادارے کو سیاسی انتقام کے طورپراستعمال کیا جارہا ہے، خورشید شاہ بھی اسی مرحلے سے گزر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن سے ایک صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ مولانا صاحب آپ کو جو یقین دہانی کرائی گئی تھیں وہ پوری ہوتی دکھائی دے رہی ہے؟جس پر مسکراتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے جواب دیا کہ کیا آپ کو وہ نظرنہیں آرہی۔
مولانا فضل الرحمٰن نے نے موجودہ صورتحال کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب مسئلہ عدالت میں زیر سماعت ہے تو تبصرہ نہیں ہونا چاہیے، سب چیزوں کو عدالت خود بھی دیکھ رہی ہے۔