راولپنڈی کے علاقے کلر سیداں میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار جاں بحق ہو گیا، جاں بحق کار سوار کی سابق کونسلر وحید انجم کے نام سے شناخت ہوگئی۔
پولیس کے مطابق چیکنگ کے لیے روکنے پرکار سوار نے اہلکار پرگاڑی چڑھا دی جس کے بعد ساتھی پولیس اہلکار نے فائرنگ کر دی۔زخمی پولیس اہلکار حبیب اختر کو طبی امداد کے لیے سپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سی پی او کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری ایکشن لیتے ہوئے 2 اے ایس آئی اور3 کانسٹیبلز کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
سی پی او نے یہ بھی بتایا ہے کہ واقعے میں ملوث اے ایس آئی عمران خالد اور کانسٹیبل حبیب اختر کو بھی گرفتارکرلیا گیا ہے۔ادھرکلرسیداں میں جاں بحق ہونے والے سابق کونسلر وحید انجم کے ورثا نے احتجاج کیا ہے۔