وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) بشیر میمن کو عہدے سے ہٹاکر واجد ضیا کو نیا ڈی جی تعینات کردیا۔
سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو موجودہ ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کے تبادلے سے روک رکھا ہے تاہم سپریم کورٹ کےاحکامات کے باوجود ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کوہٹادیا گیا۔
سپریم کورٹ نے اصغرخان کیس میں بشیر میمن کو تحقیقاتی افسرمقررکر رکھا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک بشیر میمن کو عہدے پر رکھنےکا حکم دیا تھا۔
نجی ٹی وی کے مطابق دوسری جانب وفاقی حکومت نے گریڈ 21 کے افسراورسابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیا کو بشیر میمن کی جگہ ڈی جی ایف آئی اے تعینات کیا ہے۔واجد ضیاء انسپکٹر جنرل (آئی جی) ریلوے پولیس کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزارت داخلہ نےایف آئی اے کے ڈائریکٹرجنرل بشیر میمن کو جبری رخصت پر بھیج دیا تھا اوران کی جگہ ڈاکٹر مجیب الرحمن خان کو قائم مقام ڈی جی کا چارج دیا گیا تھا۔