لاہور میں یتیم اور بے سہارا بچیوں کی پناہ گاہ کاشانہ ویلفیئر ہوم کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے عدالتی کمیشن بنانے کے لیے درخواست دائر کردی۔
کاشانہ ویلفیئرہوم کی سابق سپرنٹنڈنٹ افشاں لطیف کا کہنا ہے کہ انصاف کے لیے انہوں نے ہر دروازہ کھٹکھٹایا، جب کوئی شنوائی نہ ہوئی تو سوشل میڈیا کا رخ کیا، افشاں لطیف نے کہا ہے کہ یہ ان کا نہیں دارالامان کی بچیوں کے مستقبل کا سوال ہے، سارا معاملہ سامنے رکھ دیا ہے،امید ہے عدالت سے انصاف ملے گا۔
عدالت نے ڈی سی اور ڈائریکٹر بیت المال کو 12 دسمبر کو طلب کر لیا۔
دوسری جانب سابق صوبائی وزیر سماجی و بہبود اجمل چیمہ نے افشاں لطیف کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ہے کہ اس معاملے پرعدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، افشاں لطیف نے بچیوں کی جبری شادی کرانے کے لیے ان پر دباؤ کا الزام لگایا تھا۔
اجمل چیمہ کا کہنا ہے کہ وہ ہتک عزت کا دعویٰ کرنے کے لیے عدالت جائیں گے، انہوں نے کہا کہ افشاں لطیف کی انکوائری اور معطل کرنے کا فیصلہ ان کے وزارت چھوڑنے کے بعد ہوا، تمام معاملے میں ان کو بلاوجہ گھسیٹا جارہا ہے۔