وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمے داری روزگار اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہے تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والے آگے بڑھ سکیں کیونکہ ایسے لوگ ہی ملک اور معاشرے کو اٹھاتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے، یہ تو ابھی شروعات ہے، اور منصوبے بھی آئیں گے۔
کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کا کام نوکریاں پیدا کرنا اورکاروبار سے ہر قسم کی رکاوٹ ختم کرنا ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار مل سکے اور چھوٹے اور درمیانے درجے سمیت تمام کاروباری افراد کو سہولت مل سکے۔
وزیراعظم نے کہاکہ میں جب پہلی دفعہ برطانیہ گیا تو مانچسٹر میں ٹیکسٹائل کا کاروبار یہودیوں کے ہاتھ میں تھا لیکن چند ہی سالوں میں پاکستانیوں نے اس صنعت میں اپنا نام پیدا کر لیا، اب کیا وجہ تھی کہ وہ لوگ پاکستان میں تو کاروبار نہ کر سکے مگر مانچسٹر میں کامیاب حاصل کرلی۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب معاشرے اور ناکام معاشروں میں یہی فرق ہوتا ہے، کامیاب معاشرے میں میرٹ پر کام ہوتا ہے اور لوگوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کیلیے مواقع اور سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں جس کے باعث محنت کا جذبہ رکھنے والے نوجوان اوپرآتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر آپ صرف کھیلوں کی مثال ہی لے لیں تو ایسے ممالک زیادہ گولڈ میڈلز جیت جاتے ہیں جن کی آبادی کم ہوتی ہے جبکہ 20 سے 22 کروڑ آبادی والے ملک پیچھے رہ جاتے ہیں اور اس کی وجہ صرف اور صرف میرٹ ہے۔ نوجوانوں کو اس پروگرام سے بہت امیدیں ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے اس پروگرام کے تحت درخواستیں دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سنا ہے نوجوان کہتے ہیں کہ عمران خان کرپٹ لوگوں کیساتھ ہاتھ نہیں ملاتا، ہمیں کامیاب نوجوان پروگرام میں بھی میرٹ اور شفافیت کا خیال رکھنا ہے کیونکہ لوگوں کو ہم سے یہی امید ہے اور انہیں میرٹ کے مطابق شفاف طریقے سے سہولتیں فراہم کی جائیں گی تو وہ آگے بڑھیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم نے معاون خصوصی اطلاعات کو میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارت اطلاعات میں اصلاحات پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اسد عمر، فردوس عاشق اعوان، شہباز گل، زاہدہ پروین اور سینئر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو وزارت کی کارکردگی، افرادی قوت اورجدید ٹیکنالوجی بروئے کارلانے کی تجاویز پر بریفنگ دی گئی اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ضمن میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے کردار پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی کو میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، معاشی ترقی کو اجاگر کرنے کے حوالے سے موثر اقدامات کرے۔
وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کو جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے اور سوشل میڈیا کے استعمال کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کا معاشرے اور حکومتی اقدامات پررائے عامہ قائم کرنے میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔