پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن کہتی ہیں کہ سوائے گالی گلوچ کےحکومت کی کوئی پالیسی نہیں، نہ انصاف ہے، نہ احتساب، بس انتقام ہے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی پی پی شیری رحمٰن نے کہا کہ احتساب پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے خلاف ہے،عوام کو معلوم ہے بنی گالہ بھی غیر قانونی ہے، مالم جبہ منصوبہ بھی کرپشن کا شاہکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے الیکشن کمیشن کو بھی مفلوج کر دیا ہے، نیب نے حکومتی اراکین کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں کی۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ زرداری صاحب اسلام آباد میں ہیں، شاہ صاحب نے ضمانت نہیں لی، حکومت نے اتنا قرضہ لیا جو تاریخ میں کسی نے نہیں لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گیس کی قلت ہے، اشیائے خورو نوش بھی مہنگی ہیں، ٹماٹر سونے کے بھاؤ بک رہا ہے، ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ ہو کیا رہا ہے۔
شیری رحمٰن نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس نہیں ہو رہے، تاکہ سوالات نہ کیے جاسکیں، قومی اسمبلی کے بھی صرف 2 دن اجلاس ہو رہے ہیں۔