وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہاہے کہ پنجاب حکومت جہلم میں ایک روپیہ بھی نہیں بھیج رہی ،پنجاب حکومت ساراپیسہ جنوبی پنجاب میں بھیج رہی ہے۔
فوادچوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے معاملے پر کافی اتفاق رائے ہو گیاہے،شہبازشریف کے جو پول کھلے ہیں ان کے اثرات نہ آئے تو معاملہ حل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ادارو ں کو آپس میں نئے میثاق کی ضرورت ہے،فوج ،عدلیہ اور حکومت کو حقیقت کا ادراک کرکے ہی آگے چلناچاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے نوازپھرشہبازاوراب مریم مائنس ہونے جارہی ہے،مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ لڑنے والے نہیں،یہ تخت کی لڑائی ہے اس میں کمزوردل حضرات آگے نہیں چل سکتے ۔
فوادچودھری نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جدوجہدنظام بدلنے کیلیے ہے،مرادعلی شاہ کو تبدیل کرنے کافیصلہ سندھ کے عوام نے کرنا ہے۔
ان کاکہناتھا کہ حکومت کو اپوزیشن کی اہمیت کا اعتراف ہوناچاہئے ،الیکشن کمیشن کے معاملے پر دونوں اطراف سے اتفاق رائے چلنا چاہیے ،فوادچوہدری نے کہاکہ طلبا یونین بحال ہونی چاہیے،ہمیں دیکھنا ہے عالمی دنیا میں طلبا یونین کیسی ہے ان کو کیسے ان کا حصہ ملتا ہے۔