فیروزوالا میں موٹرسائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ سے جماعت اسلامی کے3 کارکن جاں بحق ہوگئے، گاڑی میں ڈرائیوراور ساتھ والی سیٹ پر بیٹھا شخص خالد معجزانہ طور پرمحفوظ رہے، جاں بحق ہونیوالے تینوں افراد پچھلی نشست پر بیٹھے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں افراد فیروز والا کچہری میں پیشی پرآئے تھے اور کیس کی سماعت کے بعد واپس مریدکے جارہے تھے کہ رستے میں رانا ٹاؤن کے قریب ان پر فائرنگ ہوئی۔ جاں بحق افراد کی شناخت صداقت علی صداقت، شبیر حسین سرویا اوراسد ہاشمی کے نام سے ہوئی۔
صداقت علی صداقت جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری جبکہ شبیر احمد سرویا اور اسد ہاشمی جماعت اسلامی کے رکن تھے۔ لواحقین نے لاشیں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کردی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے فیروز والا میں تین کارکنوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہمارے کارکنوں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے
انہوں نے کہاکہ قاتلوں نے اس سے قبل مقتول شبیر سرویا کے گھرپرحملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا تھا،قاتلوں کو فوری گرفتارکرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔