چیئرمین نیب جسٹس ریٹائر جاوید اقبال نے کہاہے کہ ریاست مدینہ کے خوبصورت خواب کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے کہ کم از کم اس نے یہ خواب پیش توکیا،خواب دیکھنے کا حق ہم سب کو ہے ،حکومت کے وزراکو یہ ثابت کرنا پڑے گا کہ وہ اہل مدینہ کی ریاست بنا رہے ہیں اوران کا وہی کردار ہے جومدینہ کی ریاست کے لوگوں کا ہوتا تھا۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کے خوبصورت خواب کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے کہ کم از کم اس نے یہ خواب پیش تو کیا، خواب دیکھنے کا حق ہم سب کو ہے ، ہم سب کو حق ہے کہ اپنے ارمان رکھیں اوران کو پورا کریں۔
انہوں نے کہاکہ خواب دیکھیں اوران کی تعبیر لیں ، بعض خوابوں کی تعبیر آپ کو پروردگارکی طرف سے مل جاتی ہے لیکن کچھ خواب ایسے ہوتے ہیں جن کی تعبیر پانے کیلیے آپ کو محنت کرنی پڑتی ہے ، وہ نہ دھرنوں سے ملتی ہے اور نہ ہی تقاریر سے ، اس کیلیے آپ کو عملی جدوجہد کرنا پڑتی ہے،آپ کو عملی مساوات کا نمونہ پیش کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کو خود رول ماڈل بننا پڑے گا ، حکومت کے وزراکو یہ ثابت کرنا پڑے گا کہ وہ اہل مدینہ کی ریاست بنا رہے ہیں اوران کا وہی کردار ہے جو مدینہ کی ریاست کے لوگوں کا ہوتا تھا ، وہ ریاست اس لیے کامیاب ہوئی وہاں کالے کو گورے پر کوئی فوقیت نہیں تھی اگر فوقیت تھی تو صرف تقویٰ کی بنیاد پر تھی۔