وزارت مذہبی امور نے قومی اسمبلی میں حجاج کے پیسوں پر سود کی رقم سے متعلق تفصیلات فراہم کردیں۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے قومی اسمبلی میں حجاج کے پیسوں پر سود سے متعلق تحریری جواب جمع کروایا گیا جس میں کہا گیا کہ حجاج کی جمع کرائی گئی رقم پر بینکوں سے سود لیا جاتا ہے اور سود کی رقم حجاج کی ویکسین، ٹریننگ، ادویات اورمیڈیا کیمپین پر خرچ کی جاتی ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے تحریری جواب میں کہا گیا کہ گزشتہ برس 3 لاکھ 74 ہزار 857 پاکستانیوں نے حج درخواستیں جمع کروائیں اور حجاج کی رقم پر 2018 میں 21 کروڑ روپے کا سود حاصل ہوا، درخواستوں کے ساتھ 106 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد رقم اکٹھی ہوئی۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران 1 ارب 17 کروڑ روپے کا سود حاصل ہوا جبکہ قرعہ اندازی کے بعد ناکام درخواستگزاروں کو رقم واپس کر دی جاتی ہے۔