لاہور میں ڈاکٹروں اور وکلا کے درمیان لڑائی شدت اختیار کر گئی، مشتعل وکلا کی بڑی تعداد نے آج پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بول دیا، ہسپتال میں توڑپھوڑ کی جس کے بعد وکلا اور ڈآکٹروں میں جنگ چھڑ گئی. پولیس کی شیلنگ سے 4 افراد زخمی ہو گئے.
وکلا کی جانب سے پی آئی سی ایمرجنسی گیٹ توڑ دیا گیا،وکلا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آئی سی یواورآپریشن تھیڑمیں داخل ہو گئے، وکلا کی غنڈہ گردی دیکھ کرعملہ جان بچانے کیلیے باہرنکل آیا۔
وکلا کی ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہو کر ہلڑ بازی، وکلا نے ایمرجنسی وارڈ کے داخلی دروازے کے شیشے توڑ دیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی سی میں وکلا اورڈاکٹروں کے درمیان ہونے والاجھگڑا شدت اختیار کردیا،وکلا نے پی آئی سی کے باہراحتجاج کیا،اس موقع پرپولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی لیکن وہ تماشائی بنی رہی۔
وکلاکا پرتشدد احتجاج کے دوران اسپتال میں موجود گاڑیاں، گملے اور شیشے سب توڑ دیے، پولیس خاموش تماشائی بنی کھڑی رہی جبکہ ایک مریض کا بھائی چلاتا رہا کہ میرے بھائی کے دل کا آپریشن ہو رہا ہے، وکلاء کیا کررہے ہیں؟ اس دوران بھی وکلا نے ایک نہ سنی اور توڑ پھوڑ جاری رکھی۔
دوسری جانب وکلاء کی جانب سے اسپتال کی فوٹیج بنانے والے صحافیوں پر بھی حملہ کیا گیا ہے، وکلاء کا جیو نیوز کے رپورٹر احمد فراز سمیت نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین پر تشدد، کیمرہ توڑ دیا۔
وکلا کے احتجاج کی کوریج کرنے پر خاتون صحافی پر بھی تشدد کیا گیا جبکہ رپورٹنگ کرنے پر ٹی وی چینل کی رپورٹر کو بھی مارا پیٹا گیا ہے۔
حساس وارڈز میں مریضوں کے علاج میں تعطل پیداہونے کا خدشہ ہے،وکلا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آئی سی یو اورآپریشن تھیڑمیں داخل ہو گئے ،عملہ جان بچانے کیلیے باہر نکل آیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وکلا نے پی آئی سی میں توڑپھوڑ کی اورایم ایس کے آفس پرپتھراﺅ کیا،وکلانے صحافیوں سے بھی بدتمیزی کی اوران کے کیمرے اورموبائل فون چھین لیے۔
چیئرمین گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹر سلمان حسیب کے مطابق وکلا صف بندی کرکے اسپتال میں داخل ہوئے اورکارڈیالوجی اسپتال کے اندر توڑ پھوڑ کی، ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس اسٹاف اورمریضوں کی جانوں کو خدشات لاحق ہیں جبکہ وکلا نے اسپتال میں کھڑی گاڑیوں کے بھی شیشے بھی توڑ دیے۔
پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈنڈا بردار وکلا کی ہنگامہ آرائی کا جواب دینے کیلیے ینگ ڈاکٹرز نے بھی ڈنڈے اٹھالیے۔
فریقین ایک دوسرے پر اینٹیں اور پتھر پھینکے جا رہے ہیں۔صورتحال بگڑنے پر پولیس بھی ایکشن میں آگئی ہے اور آنسو گیس کی شیلنگ کرکے مظاہرین کو منتشرکرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پی آئی سی ہسپتال میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے پر پنجاب حکومت نے رینجرز کو طلب کرلیا،رینجرز نے موقع پر پہنچ کر ہسپتال کاگھیراﺅ کرلیا۔