وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وکلا نے جو ظلم کیا ایسا تو جنگ میں بھی نہیں ہوتا۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے آج پی آئی سی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسپتال انتظامیہ اور عملے سے مذاکرات بھی کیے۔
بعدازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ حکومت ڈاکٹرزکو مکمل سپورٹ کرے گی کیونکہ وکلا نے اسپتال پر حملہ کرکے ظلم کیا ہے، وکلا نے جو کیا ایسا تو جنگ میں بھی نہیں ہوتا، حملے کے ذمے داروں کو ضرور سزا ملےگی۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ میں اسپتال انتظامیہ کو یقین دلانے آئی تھی کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے لیکن جب یہاں پہنچی تو میرے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی۔
پی آئی سی میں ایمرجنسی سروس شروع کرنے سے متعلق ایک صحافی کے سوال پر وزیر صحت پنجاب غصے میں آ گئیں اور کہا کہ آپ بچوں والی بات کرتے ہیں، ساری ایمرجنسی ٹوٹی پڑی ہے،اسپتال میں توڑ پھوڑ ہوئی ہے، پہلے اسپتال ٹھیک کریں گے۔
اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر پنجاب کا کہنا تھا میں نے معلوم نہیں کیا، مجھے زیادہ فکر ڈاکٹرز اور عملے کی تھی۔