اجلاس میں وکلارہنمائوں اور ڈاکٹروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔فائل فوٹو
اجلاس میں وکلارہنمائوں اور ڈاکٹروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔فائل فوٹو

پی آئی سی حملہ۔گرفتار وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پرحملے کے الزام میں گرفتار46 وکلا کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوادیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے تھانہ شادمان میں وکلا کے خلاف پی آئی سی واقعے کے 2 مقدمات درج کیے تھے جن میں سے ایک میں ڈاکٹراور دوسرے میں پولیس مدعی بنی ہے۔

ملزم وکلا کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج عبدالقیوم خان کے روبرو پیش کیا گیا۔ ملزمان کی طرف سے غلام مرتضی چوہدری سینئر وائس پریزیڈنٹ سپریم کورٹ بارکے سینیئر نائب صدر، ایڈوکیٹ صغراں گلزار، ایڈووکیٹ نوشین امبر اور ایڈوکیٹ طاہر منہاس عدالت میں پیش کیے۔

سرکاری وکیل کی جانب سے ملزمان کو 14 روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دینے کی استدعا کی تاہم عدالت نے اسے مسترد کردیا۔ عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔

یہ کیسز 250 سے زائد وکلا کے خلاف  درج ہوئے ہیں جن میں 15 سے زائد وکلا کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ ایف آئی آر میں دہشت گردی، اقدام قتل، ڈکیتی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، ڈاکٹروں اور طبی عملے کو تشددکا نشانہ بنانے، سرکاری کام میں مداخلت سے مریضوں کی جان جانے کی دفعات شامل ہیں۔

مقدمے کے مطابق وکلا نے اسپتال میں کروڑوں روپے کی مشینری اور املاک کو نقصان پہنچایا، نرسز ہاسٹل میں موجود خواتین کو ہراساں اور زدوکوب کیا جبکہ انچارج نرسز اسٹاف انیقہ قاسم کے کپڑے پھاڑے اورلاکٹ بھی چھین لیا۔

پولیس کی مدعیت میں درج مقدمے میں وکلا کی جانب سے پولیس اہلکاروں پرتشدد، ہوائی فائرنگ، پولیس وین جلانے اور شہریوں کی 80 کاروں کو نقصان پہنچانے کی دفعات حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں وکلا نے ڈاکٹرزکے ساتھ تنازع پر پی آئی سی پر دھاوا بولا اور توڑ پھوڑ کی تھی جس کے نتیجے میں طبی امداد نہ ملنے پر 6 مریض جاں بحق ہوگئے تھے۔