جو کچھ اسمبلی کے سامنے ہوابراہو میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔فائل فوٹو
جو کچھ اسمبلی کے سامنے ہوابراہو میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔فائل فوٹو

سرگودھا میں شہری نے شیخ رشید پر انڈے برسا دیے

وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید کاسرگودھا پہنچنے پرانڈے پھینک کر’استقبال‘ کیاگیا۔اس موقع پرشہریوں نے نعرے بازی بھی کی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق شیخ رشید خصوصی ٹرین پر سوار ہو کر سرگودھا اسٹیشن پر پہنچے توپیپلز پارٹی کے کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا،اس دوران ایک شخص نے ان کی خصوصی بوگی پر انڈوں کی بارش کردی۔

انڈے شیخ رشید تک تو نہ پہنچ سکے البتہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انڈا پھینکنے والے شخص کودبوچ لیا اور اسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

نجی ٹی وی جی این این کے مطابق انڈاپھینکنے والے شخص نے خود کو پیپلز پارٹی کا جیالہ بتایا ہے اور وہ شیخ رشید کی آصف زرداری پر تنقید سے ناخوش تھا۔اسٹیشن پر ہونے والی اس بدمزگی پر شیخ رشید ٹرین سے باہر ہی نہ آئے اور اسٹیشن کا معائنہ کئے بنا وہاں سے روانہ ہوگئے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد راولپنڈی سے لاہور براستہ سرگودھا ریلوے ٹریک کے جائزہ کے لیے آج صبح اسپیشل منسٹر ٹرین کے ذریعے گزرتے ہوئے گوجرخان کے ریلوے اسٹیشن پہنچے.

اپنے 5 منٹ کے قیام کے دوران انہوں نے پاکستان عوامی مسلم لیگ کے مقامی رہنما ملک طارق محمود کی زیرِ قیادت موجود عوام اور پارٹی کارکنوں کے استقبالیہ ہجوم سے گفتگو بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ ریل پرسفرکے حوالے سے قوم کے اعتمادکی بحالی سے ریلوے کی آمدنی میں شاندار اضافہ ہوا ہے، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ملک بھرکے چھوٹے سے چھوٹے ریلوے اسٹیشنز کو فعال بناتے ہوئے ممکنہ سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں۔

شیخ رشید نے سابق امیدوار قومی اسمبلی ملک طارق کی اہلِ گوجر خان کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی گوجر خان کے لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں 10 ٹرینوں کے اسٹاپ سے ماہانہ 37 لاکھ روپے کی آمدنی قابلِ رشک ہے، برق رفتار ریل کار کا اسٹاپ دے چکے ہیں، عوامی ضرورتوں اور مطالبے کے پیشِ نظر اے سی پارلر کی ریزرویشن بھی دیں گے۔