ملاقات میں امریکی سفیر پال جونز بھی موجود تھے۔فائل فوٹو
ملاقات میں امریکی سفیر پال جونز بھی موجود تھے۔فائل فوٹو

آرمی چیف سےزلمے خلیل زاد کی ملاقات

پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس ملاقات میں افغان مصالحتی عمل پربات چیت کی گئی اورخطے کی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں امریکی سفیر پال جونز بھی موجود تھے۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی  زلمے خلیل زاد نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان شروع دن سے اس موقف پر قائم ہے کہ طاقت کا استعمال افغان مسئلے کا حل نہیں، ہمیں توقع ہے کہ امریکہ طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کا دارومدار، افغانستان میں قیام امن سے وابستہ ہے، پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار، خلوص نیت سے اداکرتا رہے گا۔

زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو افغان طالبان اور امریکا کے درمیان وفود کی سطح پر ہونیوالے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔