میرا نام فہرست میں شامل تھا ، علم نہیں کس نے کاٹا۔فائل فوٹو
میرا نام فہرست میں شامل تھا ، علم نہیں کس نے کاٹا۔فائل فوٹو

قانون کے رکھوالوں نے قانون کو پیروں تلے روندا۔فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی آئی سی حملے کا واقعہ افسوسناک تھا اور قانون کے رکھوالوں نے قانون کو پیروں تلے روندا۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو اپنے مفاد کا درد ہے، وزیراعظم کے حوالے سے ڈیڈ لائن دینا ان کی منفی سوچ کی عکاسی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن اپنے مشن میں ناکام ہوگئے،سیاسی یتیموں کا ٹولہ سیاسی محاذ پر زندہ رہنے کے لیے چٹکلے چھوڑتا رہتا ہے، جنہیں عوام نے مسترد کردیا وہ حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو عمران خان سے بغض یہ ہے کہ عمران خان انکی عیاشیوں کی راہ میں رکاوٹ ہے، اقتدار کے لیے یہ لوگ ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی بغیر پانی کے تڑپتی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے معیشت کو پٹری سے اتاردیاتھا لیکن عمران خان کی قیادت میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوئی، عالمی سطح پر معیشت سے متعلق مثبت خبریں آرہی ہیں۔

مریم اورنگزیب پر تنقید کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ (ن) لیگی خاتون ترجمان منفی دعووں کو ثابت کرنے پرتلی ہوئی ہیں، لاعلمی کی بنیاد پر مسلم لیگی ترجمان کی طرف سے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ نواز شریف کو عدالت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضمانت دی، وہ بیرون ملک گئے تو ان کے بیمار چہرے کو بھی عوام نے دیکھ لیا، سیاسی قیدی کے خلاف نیب میں انکوائریاں چل رہی ہیں،سیاسی قیدی کے لیے خصوصی طیارہ استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی سی حملے کا واقعہ افسوسناک تھا،کالے کوٹ والوں نے اپنے بازو سے قانون کو چیلنج کیا،حکومت قانون کے مطابق ذمے داران کے خلاف کارروائی کرے گی۔

معاون خصوصی کاکہنا ہے کہ ہسپتال میں ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے تحفظ کےلیے قانون لانے کا فیصلہ کیاہے،سیاسی امامت کرنے والے ٹولے کی کارستانیاں عوام کے سامنے ہیں،صف دوئم کے امامت کرنے والے کی بھی سیاہ کاریاں منظر عام پر آرہی ہیں ۔

اس سے قبل اپنی ٹوئیٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک کو پولیو سے نجات دلانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔ ہم سب ایک صحت مند پاکستان کیلئے یکجان اور پرعزم ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کے ذریعےاس موذی مرض پر قابو پانے میں کردار ادا کریں اورمعاشرے کو صحتمند بنائیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بچوں کوپولیو کے قطرے پلانا اشد ضروری ہے۔ اس ضمن میں عوام میں مزید آگاہی اور شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔ پولیو ویکسین کے قطرے صحتمند پاکستان کی ضمانت ہیں۔ اُن پولیو ورکرزکو سلام پیش کرتے ہیں جو شدت پسندوں کے ہاتھوں نشانہ بننے کے باوجود اپنے فرائض تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔