میرینا کے ساتھ جانسن کی شادی 1993میں ہوئی تھی۔فائل فوٹو
میرینا کے ساتھ جانسن کی شادی 1993میں ہوئی تھی۔فائل فوٹو

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بھارت کے داماد نکلے

بورس جانسن کی سابقہ بیوی میرینا کا تعلق بھارت سے ہے۔ میرینا اورجانسن میں گزشتہ برس علیحدگی ہو گئی تھی اس وقت دونوں کے درمیان طلاق کا مقدمہ چل رہا ہے۔

میرینا کے ساتھ جانسن کی شادی 1993میں ہوئی تھی اور دونوں میں تقریباً پچیس برس تک میاں بیوی کا تعلق رہا۔ دونوں سے چار اولادیں ہیں۔

گزشتہ برس دونوں میں علیحدگی ہونے سے قبل بورس اپنی بیوی میرینا کے ساتھ متعدد بار بھارت کے دورے پر آچکے ہیں۔ بورس جب بھی بھارت آتے تو اپنی اہلیہ کے رشتہ داروں کے پاس دہلی یا ممبئی میں قیام ضرور کرتے تھے۔

میرینا بھارت کے معروف صحافی اور ادیب آنجہانی خوشونت سنگھ کی بھتیجی ہیں۔ میرینا کی والدہ اور بورس جانسن کی ساس دیپ سنگھ، جو ابھی حیات ہیں،کی شادی خوشونت سنگھ کے چھوٹے بھائی دل جیت سنگھ سے ہوئی۔ لیکن مختصر مدت کے بعد دونوں میں طلاق ہو گئی اوراس کے بعد دیپ سنگھ نے برطانوی صحافی سر چارلس وہیلر سے شادی کرلی۔

یہ رشتہ خاصا پیچیدہ دکھائی دیتا ہے لیکن ادیبہ ناومی دتہ نے اس پیچیدہ معمہ کو ٹوئٹرپرسہل انداز میں کچھ اس طرح بیان کیا ہے”بورس جانسن کی ساس نے خوشونت سنگھ کے سب سے چھوٹے بھائی سے شادی کی۔ ان کی بہن کی شادی خوشونت سنگھ کے بڑے بھائی سے ہوئی۔ ساس نے کسی دوسرے شخص سے شادی کرلی، جس سے دو بیٹیاں پیدا ہوئیں ان میں سے ایک میرینا کی شادی بورس جانسن سے ہوئی۔

Related image

خوشونت سنگھ کے بیٹے اور معروف صحافی راہل سنگھ نے ایک انگریزی روزنامہ  میں اپنے ایک کالم میں لکھا ہے کہ جانسن گزشہ برس اپنی بیوی اور تین بچوں کے ساتھ رن تھمبور ٹائیگر ریزرو آئے تھے۔ خاندان کے لوگوں کے ساتھ ملاقات کے دوران ان کی جانسن سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔

راہل سنگھ مزید لکھتے ہیں "گو چند برس قبل جانسن سے ممبئی میں میری ملاقات ہوئی تھی۔ لیکن یہ پہلا موقع تھا جب ان کے ساتھ براہ راست اور کافی تفصیلی گفتگو کرنے کا موقع ملا۔ مجھے یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ انہیں بھارت اور یہاں کی سیاست کی کافی معلومات ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم جانسن سن 2003 میں بھگونت سنگھ کے پوتے کی شادی میں شرکت کے لیے جنوبی ریاست کیرالا گئے تھے، جہاں ایک ہاتھی نے ان پر حملہ کردیا تھا۔

بھارت کے حوالے سے جانسن کو کئی مرتبہ سبکی بھی اٹھانی پڑی ہے۔ جب وہ خارجہ سکریٹری تھے تو انہوں نے سکھوں کے ایک گردوارے کا دورہ کے دوران بھارت میں وہسکی ایکسپورٹ کرنے کی بات کردی تھی جب کہ سکھ مذہبی لحاظ سے الکوحل کو حرام قرار دیتے ہیں۔ ایک سکھ خاتون نے بورس جانسن سے غصہ میں کہا "آپ کو سکھوں کے گردوارے میں ایسا کہنے کی ہمت کیسے ہوئی۔”

بورس جانسن کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر وزیراعظم نریندر مودی نے مبارک باد دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا، "بورس جانسن کو بھاری اکثریت سے اقتدار میں واپس لوٹنے پر مبارک باد۔ میری طرف سے انہیں نیک خواہشات۔ انڈیا۔یوکے کے قریبی تعلقات کے لیے ہم ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔