لاہور ہائیکورٹ نے حکم عدولی پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو 5 ہزار روپے جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع کروانے کا حکم دیدیا،عدالت نے جرمانہ جمع کرانے کی رپورٹ بھی آئندہ سماعت پرطلب کرلی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے محکمہ تعلیم کی ملازمہ عابدہ پروین کی درخواست پر سماعت کی، جواب جمع نہ کروانے پر مستعفی جسٹس فرخ عرفان خان نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو 5 ہزار روپے جرمانہ کیا۔
فاضل جج نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے استفسار کیا کہ آپ نے ابھی تک جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع کیوں نہیں کروایا؟جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ آئندہ سماعت سے قبل جرمانہ جمع کروا کر رپورٹ پیش کر دیں گے، جس پرعدالت نے مذکورہ بالاحکم جاری کردیاہے، درخواست گزار نے سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن کے خلاف درخواست دائرکر رکھی ہے۔