امریکہ کی کانگرس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے حق میں دو قرار دادیں منظور کرلیں جس کے بعد اب معاملہ سینیٹ میں جائے گا ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تیسرے امریکی صدر ہیں جنہیں مواخذے کی کارروائی کا سامنا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان نے اختیارات کے غلط استعمال اور کانگریس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی 2 قرار دادوں کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد اب یہ منظوری کیلیے سینیٹ میں جائیں گی جہاں ٹرمپ کو صدارت سے فارغ کرنے کیلیے سینیٹ کی دو تہائی اکثیرت درکار ہوگی۔
اختیارات کے غلط استعمال سے متعلق قرار داد کے حق میں 230 اور مخالفت میں 197 ووٹ آئے جبکہ کانگریس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام سے متعلق قرار داد کے حق میں 229 اورمخالفت میں 198 ووٹ آئے۔یہ معاملہ اب سینیٹ میں جائے گا، ٹرمپ کو ہٹانے کے لیے سینیٹ میں 2 تہائی اکثریت حاصل کرنا ہوگی جو ٹرمپ کی حریف ڈیمو کریٹک پارٹی کو حاصل نہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مواخذے کی قرار دادیں منظور ہونے پرسخت ردِ عمل ظاہر کیا ہے، صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ مواخذہ میرا نہیں ڈیمو کریٹس کا ہونا چاہیے جو بے بنیاد الزام لگا رہے ہیں۔
جس وقت ایوان نمائندگان میں مواخذے کی کارروائی جاری تھی اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشی گن میں ایک ریلی میں شرکت کیلیے موجود تھے، جہاں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہرحال واقعی ایسا محسوس نہیں ہو رہا کہ ہمارا مواخذہ ہو رہاہے، ٹرمپ نے ہمیشہ کی طرح ڈیموکریٹس کیلیے اپنا پسندیدہ لفظ استعمال کرتے ہوئے انہیں ” دیوانہ “ کہا۔