رہبر کمیٹی کے چیئرمین کے چیئرمین اور صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین نیب کو بلاکر مجھ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کو ٹارگٹ کرنے کا کہا ہے میں نے نیب کو 1985ءسے لیکر آج تک کے تمام اثاثوں کے گوشوارے جمع کرا دئیے ہیں۔ بچوں کے بڑے ہونے تک تمام حساب کتاب نیب کو دیدیا ہے۔
اکرم درانی نے کہاکہ میرے خلاف کرپشن کے کوئی الزام نہیں بلکہ صرف مجھ پر قوم کے بچوں کو نوکریاں دینے کے کیسز ہیں، جن کا سامنا کررہے ہیں۔ ایک سازش کے تحت سیاسی اور مذہبی قیادت کو نیب اور دیگراداروں کے ذریعے نشانہ بنایا جارہا ہے، ہم ڈرنے اور دبائو میں آنے والے نہیں آبائو واجد اد سے لیکر آج تک ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑدینگے۔ ہماری سیاست کھلی کتاب ہے موجودہ نااہل اور سلیکٹڈ حکومت چند ماہ کی مہمان ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام بیزن خیل کے سربراہ ملک اسحاق خان بیزن خیل کی رہائش گاہ پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق تحصیل ناظم ملک فاروق بیزن خیل سمیت دیگر مشران بھی موجود تھے۔ اس دوران اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے ملک اسحاق خان بیزن خیل کو صاحبزادے اور بھتیجے کے شادی پر مبارکباد پیش کی ن کا کہنا تھا عدالتیں جب مضبوط ہو تو مظلوم کو انصاف انکی دہلیز پر ملتا ہے۔