چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہرکی ہے کہ اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہوگا،ان کا کہنا ہے کہ پیرا 66 کی کوئی آپریشنل حیثیت نہیں۔
پارلیمنٹ ہاﺅس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پرویز مشرف کے معاملے کے حل کیلیے عدالتی فورم اور قانون موجود ہے، فیصلے پر حکومت یا پرویز مشرف عدالتی فورم پر جانا چاہیں تو جاسکتے ہیں۔
سنگین غداری کیس کے تفصیلی فیصلے کے پیرا 66 کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ فیصلے کا پیرا 66 آپریشنل نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کوئی آپریشنل حیثیت ہے، پیرا 66 ججمنٹ کاحصہ نہیں بلکہ یہ ایک جج کی رائے ہے جس سے ایک دوسرے جج نے اختلاف کیا ہے۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ ’ آپ اداروں کے درمیان تصادم تو نہیں دیکھ رہے؟‘ اس پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انشاءاللہ اداروں کے درمیان تصادم نہیں ہوگا ، ایسا کیوں ہوگا۔