فلسطین اور مسئلہ کشمیرپر ہمارا موقف دنیا پر عیاں ہے۔فائل فوٹو
فلسطین اور مسئلہ کشمیرپر ہمارا موقف دنیا پر عیاں ہے۔فائل فوٹو

مودی سرکار خطرناک کھیل کھیل رہی ہے۔شاہ محمود قریشی

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی سرکار خطرناک کھیل کھیل رہی ہے، جس سے پورے خطے کا امن متاثر ہو رہا ہے۔

جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی گزشتہ روز کی اشتعال انگیزی کا سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی 10 سے زائد ریاستوں میں امتیازی قانون کے خلاف پوری بھارتی اپوزیشن، تمام اقلیتیں، بالخصوص مسلمان سراپااحتجاج ہیں۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کوئی فالس فلیگ آپریشن بھی کر سکتا ہے، اس نے ایسی حرکت کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائےگا، دنیا کو نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 4 ماہ سے مسلسل کرفیو نافذ ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتِ حال کے حوالے سے 2 روز قبل میں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی رائے اور تشویش کا اظہار کیا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے 2 روز قبل بھی بھارت کو متنبہ کیا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی ایسی حرکت کی تو اسے مناسب اور بھرپور جواب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے 12 دسمبرکو میں نے سلامتی کونسل کے صدر کو ایک نیا خط لکھا تھا جس میں، میں نے اپنے تحفظات اور ممکنہ خطرات سے انہیں آگاہ کیا تھا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت امتیازی قانون citizens Amended ایکٹ 2019ء کے خلاف 10 سے زیادہ ہندوستان کی ریاستوں میں شدید احتجاج ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کو آج 139 دن ہو چکے ہیں، لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کل جو بھارت نے اشتعال انگیزی کی اس پر ہماری فورسزنے اس کا الحمدللّٰہ بھرپوراورمنہ توڑ جواب دیا ہے جس میں ان کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں اوران کی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔