شاہد خاقان عباسی کو اڈیالہ جیل پسند آگئی

ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اڈیالہ جیل پسند آگئی، اپنے وکلا کو  درخواست ضمانت دائرکرنے سے روک دیا ۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کی قانونی ٹیم نے ضمانت کی درخواست تیار کرلی ہے، تاہم سابق وزیراعظم نے اپنے وکلا کو درخواست دائر کرنے سے روکا ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کی قانونی ٹیم کی جانب سے ان کو بتایا گیا ہے کہ وہ ضمانت کے حقدار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم نے شاہد خاقان عباسی کو بتایا ہے کہ عدالت ایل این جی کیس میں سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق اور مفتاح اسماعیل کو پہلے ہی رہا کرچکی ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے ضمانت کی درخواست دائر کرنے کے لیے اہلخانہ کا مشورہ بھی نظر انداز کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کا اصرار ہے کہ شاہد خاقان عباسی  عدالت میں درخواست ضمانت دائر کریں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف ایل این جی کیس بےبنیاد ہے، احتساب عدالت نیب کی جانب سے دائر ریفرنس  کو خارج کرے۔