جتنا زور آج آپ ادھر لگا رہے ہو اتنا حلقے میں لگایا ہوتا تو میں اسمبلی میں ہوتی۔فائل فوٹو
جتنا زور آج آپ ادھر لگا رہے ہو اتنا حلقے میں لگایا ہوتا تو میں اسمبلی میں ہوتی۔فائل فوٹو

اپوزیشں قیادت سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے۔فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشں قیادت سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب! 2020 عوامی خوشحالی اور قومی ترقی کا سال ہوگا، اپنے گھر لاڑکانہ سے شکست کھانے والوں کے منہ سے نئے سال میں نئے الیکشن کی بات مضحکہ خیز اور بی بی شہید کے فلسفے کی نفی ہے، لاڑکانہ کی حالیہ شکست کرپشن کے خلاف عوام کا اعلان بغاوت ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ بلاول صاحب! پاکستان کے عوام نے دو خاندانوں کے دہائیوں سے مسلط اقتدار کو زمین بوس کر کے عمران خان کی قیادت میں حقیقی عوامی راج قائم کر دیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اپوزیشں قیادت سیاسی منافقت کی بدترین مثال ہے، ایک ہی سانس میں جمہوریت کی حمایت دوسرے میں مخالفت کرتے ہیں، خود اقتدار میں ہوں تو حکومت آئینی مدت پوری کرے،عوام اقتدار عمران خان کو دیں تو ان کی طبیعت ناگوار کیوں ہوتی ہے؟۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ بے نظیربھٹو کی برسی پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ 2020نئے الیکشن کاسال ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ موجودہ حکمرانوں سے ملک، حکومت اور معیشت کچھ بھی نہیں چل رہا اور سنہ 2020 صاف شفاف الیکشنز اور عوامی راج کا سال ہو گا۔