بلاول بھٹو کی ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی پیشکش کے جواب میں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عوام کے مفاد میں کسی کے ساتھ بھی جا سکتے ہیں۔
میئر کراچی وسیم اختر نے اپنے اہم بیان میں کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی آفر کو قبول کرنا صرف میرے اختیار میں نہیں، ہماری پارٹی اس پر غورکرسکتی ہے۔
وسیم اختر نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں حکمران جماعتوں نے کراچی کے مسائل حل نہیں کیے۔ موجودہ وفاقی حکومت بھی ایسا ہی کر رہی ہے۔ ہماری جماعت ان کی آفر پرغورکرسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی مسائل کے حل کے لیے پہلے بھی پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا تھا۔
کراچی کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کراچی شہر کے مسائل حل کرنے کی ذمہ داری بھی سندھ حکومت کی بنتی ہے، اور اسی کے پاس سارے اختیارات ہیں، اگر وفاقی حکومت کسی منصوبے میں تاخیر کرتی ہے تو سندھ حکومت اس میں پیسہ لگائے۔
وسیم اختر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی پارٹی نے کبھی بھی وزارتوں پر سیاست نہیں کی ہے۔ میں بطور پارٹی لیڈر بلاول بھٹو زرداری کی قدر کرتا ہوں، تاہم سندھ حکومت میں شمولیت کا حتمی فیصلہ ایم کیو ایم کی قیادت کرے گی۔
تحریک انصاف کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کراچی کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا، اس کی جانب سے ذمہ داری نظر نہیں آئی۔