پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان، مارکیٹ 42 ہزار518 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔
نئے سال کے آغاز میں پاکستان سٹاک ایکس چینج میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، دوران ٹریڈنگ مارکیٹ 1118 پوائنٹس سے زائد بھی بڑھ گئی، 100 انڈیکس 1118 پوائنٹس کے اضافے سے 42 ہزار 518 پوائنٹس پر پہنچ گئی۔ آج ہونے والی تیزی کے باعث حصص کی مالیت میں 150 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق نئے سال کے آغاز میں مختلف مالیاتی اداروں کی جانب سے سٹاک مارکیٹ میں حصص کی خریداری ہوئی جبکہ نیب قوانین میں ترمیم کے حوالے سے آنے والی خبروں کے باعث بھی سرمایہ کاروں نے سٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی خریداری مِیں دلچسپی لی۔
گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 664.92 پوائنٹس بہتری کے ساتھ 41400 پر بند ہوا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز آغاز پرہی 300 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا جس سے ہنڈرڈ انڈیکس نے 41ہزار کی حد عبور کرلی۔
بدھ کے روزجب مارکیٹ کھلی تو انڈیکس 40735 پر تھا اور بعد ازاں بتدریج اضافے کا رحجان دیکھا گیا جو تمام دن جاری رہا۔
اس سے قبل 31 دسمبر2019 کو مارکیٹ کا اختتام 152پوائنٹس کی کمی سے 40ہزار735پرہوا تھا اور سال2019 کے دوران اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر3 ہزار669پوائنٹس کااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔