خیبرپختونخوا (کے پی) کابینہ میں بڑے پیمانے پراکھاڑ پچھاڑکے بعد تبدیلیوں کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر بلدیات شاہرام خان ترکئی کو وزیر صحت بنا دیا گیا ہے جب کہ وزیر مواصلات اکبر ایوب کو وزیر تعلیم مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیرصحت ہشام انعام اللہ وزیر سوشل ویلفیئر مقرر ہوئے اور وزیر معدنیات امجد علی وزیر ہاوسنگ بنا دیے گئے۔
خیبرپختونخوا کابینہ میں دو نئے وزرا کی شمولیت بھی ہوئی ہے، محمد اقبال وزیر محکمہ امداد و بحالی اور ملک شاہ محمد وزیر ٹرانسپورٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش اور معاون وزیر اعلیٰ کامران بنگش کے محکمے بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں، ضیاء اللہ بنگش مشیر سائنس ٹیکنالوجی اور کامران بنگش کو معاون وزیر اعلیٰ برائے بلدیات مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق خلیق الرحمان وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ہائر ایجوکیشن مقرر کیے گئے ہیں جب کہ عارف احمدزئی، شفیع اللہ، ریاض خان، ظہور شاکر، وزیرزادہ، احمدخان سواتی، غزن جمال، تاج محمد معاونین خصوصی مقرر کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ وزیرزادہ چترال سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اقلیتی رکن ہیں۔
عارف احمد زئی معدنیات، غزن جمال کو ایکسائز کا محکمہ سونپ دیا گیا ہے جب کہ اقبال وزیر اور شاہ محمدصوبائی کابینہ میں بطور وزیر شامل ہوئے ہیں۔ اقبال وزیر کا تعلق قبائلی ضلع شمالی وزیرستان سے ہے۔