امریکہ اور ایران کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں دن بہ دن اضافہ ہی ہوتا چلاجا رہاہے اوراب قیمت 70 ڈالر فی بیرل کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹریڈنگ کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.95 ڈالر اضافہ ہوا جس کے بعد فی بیرل 70.55 ڈالر ہو گئی ہے ، جنرل سلیمانی کے قتل سے اب تک برینٹ خام تیل میں 4 ڈالرفی بیرل اضافہ ہو چکا ہے۔
اس کے علاوہ امریکی خام تیل کی قیمت میں 1 ڈالر 55 سینٹس کا اضافے کے بعد قیمت 64 ڈالر 62 سینٹس فی بیرل ہو گئی ہے۔
دوسری جانب امریکا، ایران تنائو پر جاپان کی منڈیوں میں بھی مندی کا رجحان ہے اور نکی انڈیکس میں 1.67 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے۔
کورین اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی ریکارڈ کی گئی جبکہ چینی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔
یاد رہے کہ تین روز قبل امریکہ نے بغداد ایئر پورٹ پر ڈرون حملے میں ایرانی القدس بریگیڈ کے چیف قاسم سلیمانی کو قتل کر دیا تھا جس کے بعد ایران نے بدلہ لینے کا اعلان کیاتھا۔
قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے جس میں ایرانی سپریم لیڈر اور صدر سمیت تمام اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی جبکہ سڑکوں پر لوگوں کا ہجوم بھی جمع ہو گیا ۔قاسم سلیمانی کی تدفین کل منگل کے روز ان کے آبائی علاقے کرمان میں کی جائے گی ۔