مقدمے میں توہین مذہب، دہشت گردی اور دیگر سنگین نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔فائل فوٹو
مقدمے میں توہین مذہب، دہشت گردی اور دیگر سنگین نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔فائل فوٹو

نکانہ صاحب میں احتجاج کی قیادت کرنے والا نوجوان گرفتار

نکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان چوک میں احتجاج کی قیادت کرنے والےعمران چشتی کو گرفتار کرلیا گیا۔

تھانہ سٹی پولیس نے رات گئے ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان چوک میں احتجاج کی قیادت کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتارکرلیا ہے، ملزم کے خلاف تھانہ سٹی ننکانہ صاحب میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سٹی تصور منیر کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں توہین مذہب، دہشت گردی اور دیگر سنگین نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ڈیجیٹل میڈیا ٹیم کے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے ٹوئٹر پر ملزم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ننکانہ صاحب واقعے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

عمران چشتی کے خلاف مقدمہ نمبر 6/2020 درج کرلیا گیا ہے جس میں توہین مذہب اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ملزم کے خلاف295A/290/291/341/506/148/149 اور دہشتگردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ننکانہ صاحب  کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ واقعہ پر کارروائی کا کہا تھا، کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی۔