ایرانی سفیر سے ملاقات کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عراقی وزیر خارجہ محمد علی الحکیم سے ٹیلیفونک رابطہ کیاہے۔اس دوران دونوں رہنمائوں نے ایران امریکہ کشیدگی سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے، خطہ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔
وزیرخارجہ کامزید کہنا تھا کہ فریقین کو معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے ۔بات چیت کا ماحول پیدا کرنے کیلیے کشیدگی میں کمی لانا ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر خارجہ نے کشیدگی کے خاتمے کیلیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے کشیدگی میں کمی کےلیے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیاہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات ہوئی ہے ۔ ملاقات میں ایران ،امریکہ کشیدگی اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ تاریخی، مذہبی و کثیرالجہتی برادرانہ تعلقات ہیں۔خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد نہیں۔
ان کاکہناتھاکہ پاکستان ،خطے میں کشیدگی کم کروانے کیلیے اپنا مثبت کردارادا کرنے کیلیے پرعزم ہے۔شاہ محمود نے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال پرخطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہیں۔