پاکستان ٹرافی ہنٹنگ اسکیم کے تحت ہر سال قومی جانور کے 12 پرمٹ کی نیلامی کرتا ہے۔فائل فوٹو
پاکستان ٹرافی ہنٹنگ اسکیم کے تحت ہر سال قومی جانور کے 12 پرمٹ کی نیلامی کرتا ہے۔فائل فوٹو

امریکی شہری نے پاکستان کا قومی جانور مارخورمار گرایا

ترال میں ایک اور امریکی شہری نے پاکستان کے قومی جانور مارخور کا شکار کرلیا۔ڈویژنل فارسٹ آفیسر چترال، محمد ادریس کے مطابق امریکی شکاری نے یہ شکار ٹوشی-1 کے علاقے میں کیا۔

وائس آف امریکا کے مطابق محمد ادریس کا کہنا تھا کہ جیمز کیون بدھ کو شکار کے سلسلے میں اپنے ہوٹل سے توشی روانہ ہوئے لیکن وہاں پرایک شرپسند نے ہوائی فائرکردیا جس کے بعد علاقے میں موجود مارخوروں میں بھگدڑ مچ گئی اور پلک جھپکتے تمام نایاب جانور بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔

تاہم جمعرات کی صبح جیمزکیون نے چترال وائلد لائف کے اہلکاروں کو مارخورکے شکار کا اجازت نامہ دکھایا جس کے بعد وائلڈ لائف کے اہلکارانہیں چترال شہر سے توشی کے علاقے کی جانب لے گئے۔

توشی کے مقام پر پہنچ کر محکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروں نے گاڑی روک دی جہاں ایک بڑے نالے میں کھڑے مارخور کو امریکی شکاری نے پہلے ہی فائر میں ڈھیرکردیا جس کے بعد محکمہ جنگلی حیات کے اہلکار مارخورکے سینگ کی پیمائش کرتے ہیں اور بعد میں شکاری کے حوالے کر دیتے ہیں جسے وہ بطور ٹرافی اپنے ساتھ لے جاتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹرافی ہنٹنگ اسکیم کے تحت ہر سال قومی جانور کے 12 پرمٹ کی نیلامی کرتا ہے جو خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں برابرتقسیم ہوتے ہیں۔

گزشتہ سال صوبہ خیبر پختونخوا نے چار لائسنس کے بدلے پانچ لاکھ ڈالر سے زائد فیس وصول کی۔ ٹرافی ہنٹنگ اسکیم کے تحت ملنے والی رقم کا 80 فی صد مقامی آبادی کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاتا ہے۔