کوئٹہ مسجد دھماکے میں کوئی طالبان رہنماجاں بحق نہیں ہوا۔فائل فوٹو
کوئٹہ مسجد دھماکے میں کوئی طالبان رہنماجاں بحق نہیں ہوا۔فائل فوٹو

کوئٹہ۔مسجد کے اندر دھماکا،ڈی ایس پی سمیت 15افراد جاں بحق

کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن اسحاق آباد میں مسجد کے اندر دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 15 افرادجاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوراً سول اسپتال منتقل کیا جب کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لیکر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکا نماز مغرب کی ادائیگی کے فوراً بعد ہوا جب کہ شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی پولیس امان اللہ اور امام مسجد بھی شامل ہیں۔

ترجمان سول اسپتال کا کہنا ہے کہ دھماکے کے 20 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے،اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے جب کہ دھماکے کے تمام زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں دھماکے کے بعد شہر میں آج فضا سوگوار ہے، بم دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا،ذرائع سی ٹی ڈی کے مطابق گزشتہ روز سیٹلائٹ ٹاؤن اسحاق آباد میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

 مقدمہ نمبر4-20 کے تحت قتل واقدام قتل سمیت ایکسپلویز ایکٹ اور دہشت گردی کی دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق مقدمہ سی ٹی ڈی کی جانب سے ایس ایچ او کی مدعیت میں سیٹلائٹ ٹاون تھانہ میں درج کرایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد شہر کی تمام مساجد اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ دھماکہ میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بھی مسجد کے اندر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 15 افراد شہید اور 19 زخمی ہوئے جب کہ مسجد میں دھماکا خودکش ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے اس مسجد کو آسان ٹارگٹ سمجھا تاہم سیکیورٹی انتظامات کا ازسر نو جائزہ لے رہے ہیں، دشمن ملک کو ہمارا امن ایک آنکھ نہیں بھارہا، امن کے لیے فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اورآرمی چیف نے کوئٹہ میں مسجد کے اندر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔

صدر مملکت عارف علوی نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر وجمیل کی دعا کی۔ صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گرد ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں تاہم قوم ان ناپاک سازشوں کے خلاف متحد ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے غوث آباد سیٹلائٹ ٹاؤن میں مسجد کے اندر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیان میں کہا کہ مساجد میں بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے مسلمان ہر گز نہیں ہوسکتے جب کہ امدادی کاموں میں پولیس، سول انتظامیہ کو تعاون فراہم کیا جائے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کوئٹہ میں ڈفرن اسپتال کے قریب زور دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے تھے، دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔