مسلم لیگ ن کے رہنما راناثناء اللہ نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کو منانے کا وزیراعظم کا ٹاسک بے سود ہو گا،فردوس عاشق اعوان بیان کیسے دے رہی ہیں ان کے پرس سے بہت کچھ نکل سکتا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ان ہاؤس تبدیلی کی کوششیں ہمارا جنون ہے۔ پی ٹی آئی جتنی جلدی قوم کی جان چھوڑ دے، ملک کے لیے اتنا ہی اچھا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عوام کا مہنگائی کی وجہ سے برا حال ہو چکا ہے۔ ہمارے دور میں لوگوں کو مفت ادویات دی جاتی تھیں، مگر یہ سہولت اب ختم ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے دو وقت کا کھانا بھی چھین لیا ہے۔ حکومتوں کا کام عوام کو سہولیات دینا ہوتا ہے لیکن پی ٹٰی آئی نے عوام کو نیچے دھکیل دیا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ کی حمایت کا اعلان مسلم لیگ (ن) کا فیصلہ تھا۔ ملک کے ادارے کی خاطر یہ فیصلہ کیا گیا۔ ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انھیں ووٹ دیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم کا ایم کیو ایم کو منانے کا ٹاسک بے سود ثابت ہوگا۔ ایم کیو ایم اگر دوبارہ ان کی اتحادی بنے گی تو واپس چلی جائے گی۔