حکومت اورگڈزٹرانسپورٹرز میں مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ملک بھر میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے جاری ہڑتال گورنر سندھ سے مذاکرات کے بعد ختم کردی گئی ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے پرامن ہڑتال کی گئی جس سے ثابت ہوا کہ ہم پر امن لوگ ہیں، ہم آج سے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے گڈز ٹرانسپورٹرز کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں جس کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال 8 روز تک جاری رہی جس کے باعث کراچی کی بندرگاہ پر مال سے بھرے ہوئے کنٹینرز کو ان کے مطلوبہ مقامات تک نہیں پہنچایا جاسکا تھا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ صنعت کا پہیہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ جڑا ہوا ہے، معیشت کا پہیہ چلتا رہنا چاہیے اسے رکنا نہیں چاہیے۔
گورنر سندھ نے کہاکہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر ٹرک اڈےکی تعمیر کا معاملہ اٹھایا گیا،کراچی پورٹ کے قریب ٹرک اڈے کی زمین پر قبضہ ہو چکا ہے جسے ختم کرا کراڈا ٹرنسپورٹرز کے حوالے کر دیں گے۔