آزادکشمیر میں شدید برفباری کے دوران برفانی تودوں نے قیامت ڈھا دی۔ وادیٔ نیلم میں برفانی تودہ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 62 ہوگئی۔
وادی نیلم اور لیپا سمیت بالائی علاقوں میں ٹیلی فون اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ مختلف اضلاع کی رابطہ سڑکیں بھی برف باری کے باعث بند ہیں اور عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے برف باری اور تودے گرنے سے 62 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ نیلم ویلی میں برف باری اور تودے گرنے سے 59 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، کوٹلی، راولاکوٹ اور سدھنوتی میں بھی 1، 1 شخص جاں بحق ہوا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مختلف واقعات میں 47 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 56 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوگئے ہیں۔
وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ احمد رضا قادری کے مطابق ملبے سے 49 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، پاک فوج کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، پاک فوج کے ہیلی کاپٹر زخمیوں کو اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ احمد رضا قادری کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، نیلم میں سورنگن گاؤں میں 19 افراد برفانی تودے میں دب کر جاں بحق ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ برف میں پھنسے افراد کو بذریعہ ہیلی کاپٹر نکالنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، متاثرین کے لیے مظفر آباد سے راشن اور ٹینٹ روانہ کر دیے گئے ہیں۔
Due to heavy snowing several disastrous incidents happend in #NeelumValley. Round about 18 casualties have been confirmed. Due to communication cut off from #Gracevalley the total number of casualties is not yet confirmed. May Allah bless the valley with his mercy. pic.twitter.com/woNy07K35x
— Ahtazaz Rasheed Mughal (@ahtazaz_rasheed) January 13, 2020
اسلام آباد مظفرآباد روڈ کوہالہ کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے مشکلات کاسامنا ہے۔
کان مہتر زئی میں برفانی طوفان میں پھنسے 400 سے زائد مسافروں کو ریسکیو کرنے کے لیے انتظامیہ نے بروقت کارروائی کی اور 24 گھنٹے کی کوششوں کے بعد انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
ادھر بلوچستان کے شمال مغربی علاقوں میں برف باری نے تباہی مچا دی، مکانات اور چھتیں گرنے سے اور دیگر حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد 20 ہوگئی۔