ارب پتی جاپانی کو چاند تک سفرکیلیے چاند جیسی ہمسفر لڑکی کی تلاش ہے جس کیلیے آن لائن اشتہار بھی دے دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ارب پتی جاپانی یوساکو مائزاوا اسپیس ایکس راکٹ کے ذریعے چاند تک سفر کیلیے ہمسفرکی تلاش شروع کردی ہے۔یوساکو مائزاوا کی جانب سے یہ اشتہارایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب انہوں نے جاپانی اداکارہ سے علیحدگی اختیارکی۔
آئن لائن جاری کردہ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ یوساکو مائزاوا کو غیر شادی شدہ 20 سال یا اس سے زائد عمر کی خاتون کی تلاش ہے، جو اس کے ساتھ زندگی کو بھرپور طریقے سے گزار سکے۔
یوساکو مائزاوا کا کہنا تھا کہ وہ تنہائی کا شکار ہیں اوراپنی تنہائی بانٹنا چاہتے ہیں۔ یوساکو مائزاوا کا مزید کہنا تھا کہ میں اب تک اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارتا آیا ہوں اور اب میری عمر 44 سال ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زندگی میں ایک اکیلا پن اور کمی موجود ہے اور یہ جذبہ مجھ پر اتنا حاوی ہو رہا ہے کہ میں صرف ایک خاتون کے پیار کے علاوہ اور کچھ سوچ نہیں پاتا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اشتہار کے ساتھ یوساکو مائزاوا کا کہنا تھا کہ”تم کیوں نہیں چاند پر جانے والی پہلی خاتون بنو”۔ اس اشتہار میں ارب پتی کی جانب سے ایک ڈیڈ لائن بھی دی گئی ہے اورلڑکیاں 17 جنوری 2020 تک یوساکو مائزاوا کو اپنی درخواست بھیج سکتی ہیں۔
یوساکو مائزاوا تمام درخواستیں وصول ہونے کے بعد پسند کی جانے والی لڑکی کے نام کا اعلان مارچ کے آخر میں کریں گے۔