مسلم لیگ ن کے صدر لندن میں بیٹھ کر سیاسی کایا پلٹنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، ذرائع نے شہباز شریف کے خفیہ پلان کے بارے میں اہم معلومات فراہم کردیں۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایک اور لندن پلان کی تیاریاں زورو شورکے ساتھ جاری ہیں، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لندن میں با اثر شخصیات سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ مسلم لیگ ن تحریک انصاف حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
شہباز شریف اگلے ماہ پاکستان آئیں گے، وہ 15 فروری سے قبل پاکستان پہنچیں گے لیکن اس سے پہلے اہم لیگی رہنماﺅں کو لندن طلب کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماﺅں کو مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک سونپا جائے گا۔
لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف، خرم دستگیر، رانا تنویر اور رانا ثناءاللہ کو لندن طلب کیا جاسکتا ہے اورانہی رہنماﺅں کواپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومت کی اتحادی جماعتوں سے بھی رابطوں کا ٹاسک دیا جائے گا۔
ن لیگ کی جانب سے پیپلزپارٹی کے ساتھ کچھ لواورکچھ دو کی پالیسی پرعمل کیا جائے گا، وزارت عظمیٰ کیلیے شہباز شریف خود امیدوار ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی کو چند وزارتیں اور اسپیکر شپ آفرکی جائے گی۔