وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تغیرات سے متعلق جلد موبائل ایپ متعارف کرائی جائے گی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا۔ نادرا میں جمعہ کا روز خواتین کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے موبائل ایپ متعارف کرا دی گئی ہے جبکہ خواتین کی شکایت کے ازالے کے لیے ٹول فری نمبر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ موسمیاتی تغیرات سے متعلق بھی ایپ متعارف کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں امریکہ، ایران کشیدگی اورعالمی حالات کا جائزہ لینے سمیت 16 نکاتی ایجنڈے پرغورکیا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت اتحادی جماعتوں کے تمام تحفظات کو دور کرے گی اورانھیں ہمیشہ ساتھ لے کر چلے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں امریکا ایران کشیدگی، عالمی حالات اور ملک کی سیاسی ومعاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے 16 نکاتی ایجنڈے پرغورکیا۔ وزارتوں، اداروں اور متعلقہ محکموں کے انتظامی امور پر بھی وزیراعظم کو اجلاس میں بریفنگ دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور قانون سازی سے متعلق کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی۔ اجلاس میں پاک سعودی ایئر سروسز کے معاہدے، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈ میں پروڈکشن کنٹرول کے ممبر اور پاکستان محتسب کراچی سیکرٹریٹ میں انچارج ممبر کی تقرری کی منظوری دی گئی۔
فاٹا اور گلگت بلتستان کے 4 فیصد کوٹہ کی تقسیم پر رپورٹ کابینہ کو پیش کی گئی۔ اجلاس میں پی ایس او کے ایم ڈی اور سی ای او کی تقرری کا معاملہ موخر کر دیا گیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر بحث نہیں آیا۔ اجلاس میں نئی ایئر لائن ایئر سیال کی لانچنگ کی منظوری بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے تحفظات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا، انھیں ساتھ لے کر چلیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کے تحفظات ختم کرنے کیلیے حکومتی کمیٹی بنائی جس کا ان کے ساتھ رابطہ ہے۔ ہم اپنے اتحادیوں کے تحفظات دور کریں گے۔