اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے فیصل واوڈا سے فوری استعفے کا مطالبہ کردیا۔لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا نے عمران صاحب کے حکم اور ہدایت پرگھٹیا حرکت کی،’واوڈا کی حرکت پہ عمران صاحب اور پوری کابینہ کو شرم آنی چاہئے‘۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کئے اپنے ڈھیروں ٹویٹس میں مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیربرائے آبی وسائل فیصل وواڈا کو نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بوٹ اٹھا لانے اور پیمرا کی جانب سے صرف ٹی وی چینل کیخلا ف کارروائی کو شدید تنقید کانشانہ بنایاہے۔
اپنے ٹویٹس میں انہوں نے فیصل واوڈاکے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ وفاقی وزیر نے یہ حرکت وزیراعظم عمران خان کے حکم اور ہدایت پر کیاہے۔وہ جوبھی کرتے ہیں عمران صاحب کے حکم پر کرتے ہیں ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود فیصل کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہ ہونا ثبوت ہے کہ عمران صاحب کے حکم پر یہ حرکت ہوئی،عمران صاحب فیصل واوڈا سے وزارت اور قومی اسمبلی کی نشست سے فوری استعفیٰ لیں ۔فیصل واڈا جیسے لوگوں کا پارلیمان اور کابینہ میں ہونا پاکستان کی بدقسمتی ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیمرا کو استعمال کر کے ٹاک شو اور اینکر پر پابندی لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا،سولہ ماہ سے پیمرا کو استعمال کرکے نالائقی اور نااہلی چھپانے کیلیے میڈیا کی آواز بند ہے۔چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود فیصل کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہ ہونا ثبوت ہے کہ عمران صاحب کے حکم پر یہ حرکت ہوئی۔
انہوں نے الزام لگایاکہ عمران صاحب کے دباو پر فیصل واڈا کے خلاف ایسٹ ریکوری یونٹ اور ایف آئی اے کی کوئی کاروائی نہیں ہوئی۔