وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں وسائل کی تقسیم کا ہے، وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں یہ عوامی مفاد کے خلاف ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراپنے ایک بیان میں وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ کےپاس صوابدیدی فنڈ آرٹیکل اے140 کی خلاف ورزی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جس فارمولے کے تحت وفاق فنڈز صوبوں کو دیتا ہے اسی طرح اضلاع میں بھی فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں۔
مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں وسائل کی تقسیم کا ہے، وزرائے اعلیٰ کےپاس صوابدیدی فنڈ آرٹیکل 140-A کی خلاف ورزی ہے جیسے فارمولے کے تحت فنڈز وفاق صوبوں میں تقسیم کرتا ہے اسی طرح صوبائ سطح پر اضلاع میں فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں۔ وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں یہ عوامی مفاد کیخلاف ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 17, 2020
دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی کورکمیٹی اجلاس میں پنجا ب حکومت کی کارکردگی پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈلیور نہیں کر پا رہا جس کے باعث پارٹی کو مجموعی طور پردباؤ کا سامنا ہے ۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کورکمیٹی اجلاس میں فواد چوہدری نے اعتراض کیا کہ پنجاب میں نہ تو سیاسی سائیڈ ڈلیورکررہی ہے اورنہ ہی انتظامی سائیڈ کی کارکردگی اچھی ہے۔
وفاقی وزیرنے کورکمیٹی اجلاس میں انکشاف کیا کہ پنجاب کا 350 ارب کا ترقیاتی بجٹ ہے جبکہ ریلیز صرف 77ارب روپے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے پنجاب حکومت پر برستے ہوئے کہا کہ پنجاب، پروانشل فنانس ایوارڈ بھی اضلاع کو نہیں دے رہا، صوبائی سطح پرکچھ ہو رہا ہے نہ اضلاع کو فنڈز منتقل ہو رہے ہیں ۔
پی ٹی آئی کے کورکمیٹی اجلاس میں فواد چوہدری کی نشاندہی کے بعد وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فوری طور پر صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ جاری کرکے اضلاع کو فنڈ ز منتقل کیے جائیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت شاندار کام کر رہی ہے، تاہم پنجاب کی وجہ سے مرکزکو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ پنجاب کے ڈلیورنہ کرنے پرعوامی سیاسی محاذ پر پی ٹی آئی کی کارکردگی پرتنقید ہو رہی ہے۔