اپوزیشن رہبر کمیٹی کے چیئرمین اکرم خان درانی نے انکشاف کیا ہے ان ہائوس تبدیلی کی بات پکی، تین مہینے کیلیے عبوری حکومت قائم ہو گی اورانتخابی اصلاحات لا کر چھ مہینے کے اندر نئے انتخابات ہونگے۔
اکرم خان درانی نے کہاکہ فیصل واڈا نے ٹاک شو میں عمران خان کی ایما ءپر آرمی چیف کی بے عزتی کی۔ انتخابی اصلاحات میں فوج کے کرداراورمداخلت کو ہر صورت ختم کیا جائیگا۔ وہ چارسدہ میں سابق ایم این اے مولانا غلام محمد صادق کی والد کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
اکرم خان درانی کا مزید کہنا تھا اسٹیبلشمنٹ نے ایک نا اہل شخص کو قوم پر مسلط کرکے بڑی زیادتی کی۔ نااہل وزیر اعظم نے ملک کو ہر لحاظ سے تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ ملک کی معیشت تباہ حال ہے۔ غریب عوام کاجینا مشکل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کی نا اہلی کے قصے کہانیاں زبان عام پر ہے اور اب تو اتحادی سمیت ان کے اپنے وزراء بھی عمران خان کی نا اہلی کی باتیں کر رہے ہیں۔ زن و زور پر لائی ہو ئی نا اہل حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ آزادی مارچ کے دوران ذمہ دار لوگوں نے مولانا فضل الرحمان کیساتھ وعدے وعید کئے ہیں اور اس کے مطابق تین مہینے کے اندر اندر ان ہائوس تبدیلی لاکر عبوری حکومت قائم کی جائیگی جس میں اپو زیشن بھی شامل ہو گی۔